ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کمل پنت بنگلورو کے نئے پولیس کمشنر،بھاسکر راؤکا تبادلہ

کمل پنت بنگلورو کے نئے پولیس کمشنر،بھاسکر راؤکا تبادلہ

Sat, 01 Aug 2020 10:42:16    S.O. News Service

بنگلورو،یکم اگست(ایس او نیوز) جمعہ کے روز ریاستی حکومت نے سینئر آئی پی ایس آفیسر بھاسکر راؤ کو بنگلورو سٹی پولیس کمشنر کے عہدے سے ہٹا دیا اور ان کی جگہ ریاستی پولیس میں اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (داخلی سکیورٹی) کمل پنت کو شہر کا پولیس کمشنر مقرر کردیا۔ جبکہ کمل پنت کا عہدہ بھاسکر راؤ کو دیا گیا ہے۔بھاسکر راؤ کو مورخہ 2اگست 2019کو بنگلور و کا پولیس کمشنر بنایا گیا تھا اور اس کے بعد سے وہ عوام میں کافی مقبول رہے۔ کمل پنت جو 1990بیچ کے آئی پی ایس آفیسر ہیں وہ اب بھاسکر راؤ کی جگہ شہر کے پولیس سربراہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔سرکاری حلقوں نے بتایا کہ بھاسکر راؤ کا تبادلہ عام تبادلوں کی مانند ہے۔ عموماً سال میں ایک مرتبہ شہر کے پولیس کمشنر کو بدلا ہی جاتا رہا ہے،بھاسکر راؤ کا تبالہ بھی اسی مناسبت سے ہوا ہے۔ کمل پنت محکمہ پولیس میں بھاسکر راؤ سے بھی سینئر آفیسر ہیں۔ جس وقت راؤ کو کمشنر مقرر کیا گیا انہیں اے ڈی جی پی انٹلی جنس کا عہدہ دیا گیا تھا۔ شہر بنگلورو میں کورونا وائرس سے نپٹنے کے لئے بھاسکر راؤ نے جس طریقہ سے کام کیا عوامی حلقوں میں اسے کافی سراہا گیا۔ سوشیل میڈیا کے ذریعے بھاسکر راؤ عوامی رابطہ میں رہے ہیں۔شہر کے پولیس کمشنر کے طور پر جب بھاسکر راؤ کا تذکرہ ہو ا تھا، اس وقت بھی ایک آڈیو کلپ کو لے کر تنازعہ کھڑا ہو گیا، اس آڈیو میں بھاسکر راؤ کو کمشنر کے عہدہ کے لئے لابی کرتے ہوئے پیش کیا گیا تھا۔رواں سال مارچ میں بھاسکر راؤ ایک اور تنازعہ میں الجھ گئے جب نائب وزیر اعلیٰ نے وزیر اعلیٰ کی موجود گی میں ایک میٹنگ کے دوران الزام لگایا کہ بنگلورو کی پولیس رشوت خور ہے۔ اشوتھ نارائن نے الزام لگایا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کھانوں کی ڈلیوری کرنے والی کمپنیوں سویگی، ڈنزو اور زوماٹو کو اپنا کام جاری رکھنے کا موقع دے کر ا ن سے رشوت لی گئی ہے۔اس مرحلہ میں انہوں نے اشوتھ نارائن کے ساتھ لفظی تکرار بھی کی اور اس میٹنگ سے انہوں نے واک آؤٹ کردیا تھا۔ اس دوران پولیس ذرائع نے بتایااشوتھ نارائن سے تکرار کا ا ن کے اس تبادلہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


Share: